انائو ریپ کیس : یوگی استعفیٰ دیں، اپوزیشن کا مطالبہ

نارکو ٹسٹ کرانے ملزم کی اہلیہ کا زور، متوفی باپ کی آخری رسومات انجام نہ دی جائیں: ہائی کورٹ ۔ سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے سماعت
نئی دہلی/لکھنو/الہ آباد۔11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اناؤ عصمت ریزی کیس میں عوامی برہمی اور سیاسی طوفان اٹھنے کے ساتھ ہی اترپردیش میں بی جے پی کے ملزم رکن اسمبلی کی اہلیہ نے اپنے شوہر اور اس کے ساتھ ساتھ 18 سالہ متاثرہ لڑکی کا نارکو ٹسٹ کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مقامی عہدیداروں نے مبینہ طور پر انہیں ملوث رکھا ہے۔ اس کیس کی سی بی آئی تحقیقات کرانے پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ کانگریس نے آج مطالبہ کیا کہ اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کو برطرف کردیا جائے کیوں کہ ان کی حکومت ’’راون حکومت‘‘ بن چکی ہے جو خواتین کے تحفظ میں ناکام ہوگئی۔ کانگریس کا سخت ردعمل ریاست کے ضلع انائو میں 18 سالہ لڑکی کی مبینہ اجتماعی عصمت ریزی اور پھر اس کے باپ کی پولیس تحویل میں موت کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ اسی نوعیت کا مطالبہ ریاست کی اصل اپوزیشن سماج وادی پارٹی نے بھی کیا ہے۔ صدر ایس پی و سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ چیف منسٹر یوگی کو انائو ریپ کیس کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فی الفور مستعفی ہوجانا چاہئے۔ ساتھ ہی انہوں نے پولیس حراست میں لڑکی کے باپ کی موت منصفانہ جانچ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ نئی دہلی میں کانگریس کے ترجمان اعلی رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ یوگی حکومت راون کی حکومت بن گئی ہے جو خواتین کے تحفظ میں بری طرف ناکام ہوگئی۔ یوگی ادتیہ ناتھ کو چیف منسٹر کی حیثیت سے برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں۔ انہیں فوری برطرف کردیا جانا چاہئے۔ 18 سالا لڑکی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنگیر مائو بی جے پی لیجسلیٹر کلدیپ سینگر اور اس کے بھائیوں نے اسے اجتماعی عصمت دری کا شکار بنایا۔ اس لڑکی کا باپ گزشتہ روز انائو میں پولیس تحویل میں فوت ہوگیا جس پر بیٹی نے دعوی کیا کہ اسے بی جے پی ایم ایل اے کی ایماء پر ڈسٹرکٹ جیل کے اندرون قتل کیا گیا۔ پولیس نے گزشتہ روز ہی بی جے پی رکن اسمبلی کے بھائی اتل سنگھ کو اس گینگ ریپ کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا تھا۔ لکھنو میں ریاستی حکومت کے ترجمان سدھارتھ ناتھ سنگھ نے گزشتہ روز میڈیا والوں کو بتایا تھا کہ اگرچہ حکومت نے اس کیس کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس معاملہ کا قطعی طور پر عدلت تصفیہ کرے گی۔ اکھلیش نے کہا کہ چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر خودکشی کی کوشش کرنے والی ریپ کی متاثرہ لڑکی کے والد کی موت انتہائی افسوسناک ہے۔ خواتین کی عصمت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے چنانچہ چیف منسٹر کو فوری استعفیٰ دینا چاہئے۔ سماج وادی پارٹی کی ترجمان جوہی سنگھ نے کہا کہ الزام عائد ہونے کے بعد بھی حکومتی عہدیداروں نے بیان دیا تھا کہ یہ معاملہ پرانی دشمنی کا ہے۔ دریں اثناء الہ آباد ہائی کورٹ نے آج احکام جاری کیا کہ گینگ ریپ کی شکار کے باپ کی آخری رسومات اگر ابھی تک انجام نہیں دی گئیں تو اسے فی الحال روکے رکھنا چاہئے۔ عدالت نے یہ ہدایت سینئر وکیل گوپال سوروپ چترویدی کے مکتوب پر دی، جس میں ریپ کے واقعہ کی تفصیل سے عدات کو واقف کرایا گیا۔ اس دوران سپریم کورٹ آئندہ ہفتے انائو ریپ کیس کی سی بی آئی تحقیقات کے مطالبہ کی عرضی کی سماعت کرے گا۔