امیٹھی میں عام آدمی پارٹی کی جھاڑو چلاؤ ۔بے ایمان بھگاؤ یاترا قومی ترنگاچھین لینے کا الزام

امیتھی۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ اُس کی جھاڑو چلاؤ ۔ بے ایمان بھگاؤ یاترا کے دوران مقامی سرکاری عہدیداروں نے قومی ترنگا چھین لیا ، تاہم سرکاری عہدیداروں نے اس الزام کی تردید کی ہے ۔ یاترا کا اہتمام کرنے والے عام آدمی پارٹی کے کارکن پنکج شکلا نے کہا کہ ’’امیٹھی کے سرکل آفیسر اور سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کے بشمول کئی مقامی عہدیداروں نے جھاڑو چلاؤ ۔ بے ایمان بھگاؤ یاترا کے دوران موضع ٹھینگا میں قومی ترنگا چھین لیا۔ کمار وشواس اس یاترا کی قیادت کررہے تھے‘‘۔ تاہم سب ڈیویژنل مجسٹریٹ آر ڈی رام نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اُنھیں یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ قومی ترنگا کی بے حرمتی کی جارہی ہے چنانچہ ہم نے خواہش کی کہ قومی ترنگا کا اس طریقہ سے استعمال نہ کیا جائے ۔ آر ڈی رام نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ہم نے کمار وشواس اور اُن کے حامیوں سے کہا تھا کہ وہ اس یاترا میں گاڑیوں کے استعمال کے بارے میں وقت سے پہلے اجازت حاصل کریں کیونکہ اس علاقہ میں 15 فبروری سے آئندہ 40 روز تک دفعہ 144 نافذ ہے ‘‘۔ رام نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے نمائندوں کا کل اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انھیں مہم کے دوران استعمال کئے جانے والے طریقہ کے بارے میں سمجھائیں گے ۔