امیٹھی۔/6مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) حالانکہ امیٹھی میں یہ امیدوار دیگر امیدواروں کے لئے کوئی بڑا چیلنج نہیں ہے لیکن نائب صدر کانگریس راہول گاندھی کے مقابلے میں 51سالہ گوپال سروپ گاندھی بھی انتخابی میدان میں جو کسان مزدور بیروزگار سنگھ کی ٹکٹ پر مقابلہ کررہے ہیں۔ جبکہ بی جے پی کی سمرتی ایرانی اور عام آدمی پارٹی کے کمار وشواس جانے پہچانے امیدوار ہیں۔ جملہ امیدواروں کی تعداد 34ہے جن میں ایک ہیجڑہ بھی شامل ہے۔ گوپال سروپ گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے جس طرح اس حلقہ کو نظر انداز کیا ہے ، وہ ان کی ( گوپال ) کامیابی کی راہ ہموار کرے گا۔ یاد رہے کہ 2009ء میں راہول گاندھی نے اس حلقہ سے بی ایس پی کے امیدوار کو 3.7 لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔ حالانکہ یہاں سہ رُخی مقابلہ سب کی توجہ کا مرکز ہے لیکن دیگر پارٹیوں سے تعلق رکھنے رالے امیدواروں کو بھی اپنی کامیابی کا پورا یقین ہے۔