حیدرآباد۔14اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فاسٹ بولر امیش یادو نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن اتوار کو مہمان ٹیم کی دوسری اننگز کے آخری وکٹ کے ساتھ ایک میچ میں پہلی بار 10 وکٹ کی خاص کامیابی بھی اپنے نام کر لی اور گھریلو میدان پر ایسا کرنے والے ہندستان کے تیسرے فاسٹ بولر بھی بن گئے ۔30 سالہ امیش نے کیریئر کے 40 ویں میچ میں یہ کارنامہ کیا۔ انہوں نے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں چل رہے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے 10 وکٹ اپنے نام کئے ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 88 رن پر چھ وکٹ لئے جبکہ تیسرے دن ونڈیز کی دوسری اننگز میں 45 رن پر چار وکٹ نکالے ۔فاسٹ بولر نے ویسٹ انڈیز کے شینن گیبرل (1) کو بولڈ کرنے کے ساتھ مہمان ٹیم کی اننگز کو بھی سمیٹ دیا۔ وہ اسی کے ساتھ ہندوستان کے صرف تیسرے فاسٹ بولر بن گئے ہیں جنہوں نے گھریلو میدان پر ایک میچ میں 10 وکٹ اپنے نام کئے ہیں۔ ان سے پہلے صرف کپل دیو اور جوگل سری ناتھ گھریلو زمین پر ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹ لینے والے دیگر فاسٹ بولر ہیں۔کپل نے جنوری 1980 میں پاکستان کے خلاف 146 رنز پر 11 وکٹ اور چنئی میں نومبر 1983 میں 135 رن پر ویسٹ انڈیز کے خلاف 10 وکٹ لئے تھے جبکہ سری ناتھ نے فروری 1999 میں پاکستان کے خلاف 13 وکٹ نکالے تھے ۔