دوحہ ، 25 جون (اے ایف پی) عرب مملکت قطر پر اٹھارہ برس تک حکمرانی کرنے والے شیخ حمد بن خلیفۃ الثانی نے اقتدار اپنے بیٹے کے حوالے کر دیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے 61 سالہ امیر نے آج اس موقع پر قوم سے خطاب بھی کیا، جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کیلئے حمایت طلب کی۔ شیخ حمد نے تقریر میں قطری عوام سے اپنی شناخت برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔ حکام کے مطابق 33 سالہ شیخ تمیم بن حمد الثانی کی اس عہدے کیلئے 2003ء سے تربیت کی جا رہی تھی۔ قبل ازیں قطر کے ولی عہد کو ملک کا نیا امیر نامزد کیا گیا۔ شاہی محل سے جاری بیان کے مطابق قطر کے عوام کو مدعو کیا گیا ہے کہ وہ اپنے نئے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی بیعت کریں۔ تمیم بن حمد الثانی خلیجی مملکتوں کے سب سے کم عمر امیر ہیں۔ امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی نے حکمران خاندان کے ساتھ مشاورت کے بعد اقتدار اپنے بیٹے شیخ تمیم کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ قطر کے ملکیتی الجزیرہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شیخ حمد نے ’’مسائل حل کرنے والے لوگوں‘‘ سے ملاقات کی اور اس کے بعد قیادت اپنے بیٹے تمیم کو سونپنے کا فیصلہ کیا ‘‘۔