دوحہ۔ 12 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اپنے سوتیلے بھائی شیخ عبداللہ کو اپنا نائب امیر مقرر کردیا ہے۔ 34 سالہ شیخ تمیم نے جون 2013ء میں برسر اقتدار آنے کے بعد سے اپنے ولی عہد کا تقرر نہیں کیا تھا۔وہ اپنے والد شیخ حمد کے اقتدار سے دستبردار ہونے کے بعد گیس کی دولت سے مالا مال اس خلیجی ریاست کے حکمراں بنے تھے۔ 26 سالہ شیخ عبداللہ بن حمد آل ثانی قبل ازیں شاہی کابینہ کے سربراہ تھے۔ جولائی 2013ء میں شیخ تمیم نے انھیں قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی کا نائب سربراہ مقرر کیا تھا۔اس ادارے کے سربراہ وہ خود ہیں۔واضح رہے کہ قطر کے اس سرمایہ کار ادارے نے جرمنی کی ووکس ویگن کمپنی سے لے کر فرانس کے توانائی کے بڑے ادارے ٹوٹل ،برطانیہ کی سینسبرے سوپر مارکیٹ چین اور بارکلیز بنک میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کررکھی ہے۔اس کے اثاثوں کا تخمینہ ایک سو سے دو سو ارب ڈالرز تک ہے۔