امیدوار منتخب کرنے کانگریس کی ’پرائمری ‘کا اعلان

نئی دہلی۔ 22 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بعض نشستوں کے لئے لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب کے ضمن میں ’پرائمریز ‘ کے انعقاد سے متعلق نائب صدر پارٹی راہول گاندھی کے منصوبہ کو ملحوظ رکھتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے آج نئی دہلی پارلیمانی حلقہ کیلئے اس عمل کی شروعات کا اعلان کیا۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ راہول کی تجویز کا مقصد ہے کہ بنیادی سطح کے کانگریس ورکر کو بااختیار بنایا جائے اور انھیں آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کے سلیکشن میں اپنی رائے پیش کرنے کا موقع دیا جائے ۔ پہلے مرحلے میں پرائمریز کا پراجکٹ نئی دہلی لوک سبھا نشست کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔ یہ پراجکٹ جلد ہی شمال ۔ مشرق لوک سبھا حلقہ کے لئے بھی شروع ہوجائے گا ۔اس مہم کیلئے ریٹرننگ آفیسر نیٹا ڈیسوزا نے کہا کہ اس پراجکٹ کے تحت مقامی پارٹی ورکرس اپنے لوک سبھا امیدواروں کو منتخب کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ مجرمانہ پس منظر والے ووٹرس اور امیدواروں کو اس پراجکٹ سے دور رکھا جائے گا ۔

ملک تیسرے محاذ کے ناکام نظریہ کا متحمل نہیں : ارون جیٹلی
نئی دہلی ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے بائیں بازو محاذ اور علاقائی جماعتوں کے مجوزہ تیسرے محاذ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک ’’ ناکام نظریہ کے عیش‘‘ کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ارون جیٹلی نے کہا کہ مرکز میں ایک سیاسی متبادل کی فراہمی کیلئے ماضی میں تیسرے محاذ کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک اب ایسے نظریہ کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ جے ڈی (یو) ‘ ایس پی ‘ بی جے پی اور بائیں بازو محاذ پر مشتمل تیسرے محاذ کے قیام کی کوششوں کے سوال پر جیٹلی نے جواب دیا کہ ’’ تیسرا محاذ ایک ناکام نظریہ ہے ۔ یہ ملک اب اس ناکام نظریہ کے عیش کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ واضح رہے کہ ایس پی کے ملائم سنگھ یادو ‘ جے ڈی (یو) کے نتیش کمار ‘ جے ڈی(ایس ) کے ایچ ڈی دیوے گوڑا اور بائیں بازو کے قائدین نے حال ہی میں منعقدہ اپنے اجلاس میں ایک غیر بی جے پی اور غیر کانگریس محاذ کی تشکیل کی تجویز بنائی تھی ۔