امیت شاہ کے شیوسینا کیلئے ’ چوہا ‘ ریمارک پر پارٹی ورکرس برہم

مہاراشٹرا میں تنہا واضح اکثریت سے کامیاب ہو کر دکھائیں گے : شیوسینا
پونے ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شیوسینا لیڈر اور مہاراشٹرا کے سابق وزیر ششی کانت سوتر نے کہا کہ بی جے پی نے جس طرح لفظ ’ چوہا ‘ کا استعمال کرتے ہوئے شیوسنا کا مضحکہ اڑانے کی کوشش کی ہے اس نے شیوسینکوں کو حد سے زیادہ مشتعل کردیا ہے اور اب وہ اپنی مہم چلانے میں جنون کی حد تک مصروف ہوگئے ہیں تاکہ 15 اکٹوبر کو منعقد شدنی انتخابات میں پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوسکے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ ہفتہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے اورنگ آباد میں ایک سیاسی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی سابق حلیف جماعت کو ’ چوہا ‘ کہا تھا ۔ ششی کانت سوتر نے کہا کہ اس طرح کے ریمارک سے یقیناً شیوسینا کی جانب سے بھی شدید ردعمل ہوگا ۔ ہمارے کیڈرس ( شیوسینکوں ) نے امیت شاہ کے ریمارک کو سنجیدگی سے لیا ہے اور ان پر ( شاہ ) بے حد چراغ پا ہیں اور ریمارک کو دراصل پارٹی کے لیے بطور چیلنج قبول کرلیا ہے اور اب شیوسینا تنہا مقابلہ کرتے ہوئے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دے گی ۔ مہارشٹرا میں اس وقت انتخابی مہمات آخری مراحل میں ہیں ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر سوتر نے کہا کہ مہاراشٹرا کے عوام کو شیوسینا کو ہی ووٹ دینا چاہئے کیوں کہ اس پارٹی کا بھگوان ، قوم اور مذہب پر ایقان ہے اور ساتھ ساتھ پارٹی سربراہ ادھوٹھاکرے کو ریاست کا چیف منسٹر بنانابھی عوام کے ہاتھوں میں ہے اور ان کے ( ٹھاکرے ) خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنابھی عوام کے ہاتھوں میں ہے ۔ ہم وزیر اعظم نریندر مودی کا بے حد احترام کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ وہ ملک کو ایک مضبوط قیادت فراہم کریں گے ۔ لیکن جہاں تک ریاست مہاراشٹرا کا سوال ہے تو اس کی باگ ڈور ادھوٹھاکرے کو سونپی جانی چاہئے ۔ دریں اثناء یوواسینا سربراہ اور آنجہانی بال ٹھاکرے کے پوتے آدتیہ ٹھاکرے نے گذشتہ شب ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتنی عجیب بات ہے کہ ایک طرف بی جے پی نوجوانوں کو ملک کے مستقبل سے تعبیر کرتی ہے لیکن دوسری طرف بی جے پی قیادت کے ساتھ جب شیوسینا نے نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کے لیے انہیں ( آدتیہ ) بھی شامل کیا تو بی جے پی نے اس پر اعتراض کیا ۔ آدتیہ نے کہا کہ ان کی عمر صرف 24 سال ہے اور حق رائے دہی سے استفادہ کی عمر 18 سال ہے لہذا نشستوں کی تقسیم کے لیے مہایوتی میں ان کی شمولیت کیا کوئی جرم تھا ؟ ۔