نئی دہلی ۔ 26 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی صدر امیت شاہ کی حفاظت پر اخراجات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔ مرکزی اطلاعاتی کمیشن نے آر ٹی آئی قانون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حفاظتی انتظامات کیلئے شخصی معلومات فراہم کرنے پر امتناع عائد ہے ۔ کمیشن نے درخواست گذار کی اپیل پر یہ انکشاف کیا ۔ درخواست گذار نے جاننا چاہا تھا کہ کسی شخص کو یا عہدیداروں کو حفاظتی انتظامات کرنے پر خرچ کے کونسے قوانین موجود ہیں جو اس قانون کے پس نوشت تحریر کئے گئے ہیں ۔ یہ درخواست دیپک جنیجا نے 5جولائی 2014ء کو داخل کی تھی جبکہ امیت شاہ راجیہ سبھا کے رکن نہیں تھے ۔ انہوں نے ان افراد کی فہرست بھی جاننا چاہی تھی جنہیں حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جاتا ہے ۔ وزارت داخلہ نے دفعہ 8(1)(G)کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اخراجات کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا ۔سی آئی سی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی معلومات کا افشاء نہیں کیا جاسکتا ۔ جنیجا نے سی آئی سی کے حکم کو دہلی ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا جہاں جسٹس وجیندر بخرو نے شفافیت کی کمیٹی کے حکم کو کالعدم کردیا اور کہاکہ کمیشن کو پہلے اس بات کا جائزہ لینا چاہیئے کہ جو معلومات دریافت کی گئی ہیں انہیں فقرہ (G)(J) قانون حق اطلاعات کے تحت کسی قسم کی پابندی تو نہیں ہے ۔