چینائی ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام): صدر بی جے پی امیت شاہ آج صبح یہاں پہنچے ۔ ایرپورٹ ذرائع نے یہ بات بتائی جب کہ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ ایک خانگی آنکھ کے دواخانے کا دورہ کرنے والے ہیں جو انتہائی خانگی نوعیت کا دورہ ہے ۔ اس کے علاوہ امیت شاہ کی کوئی سیاسی مصروفیت نہیں ہے اور اس لیے ان کے ایک روزہ دورے کے نظام العمل کو مخفی رکھا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی رفیق تصور کئے جانے والے امیت شاہ کا صدر بی جے پی کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد ٹاملناڈو کا یہ پہلا دورہ ہے ۔۔
دوسرے مرحلہ کی رائے دہی کا اعلامیہ جاری
سرینگر ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام): الیکشن کمیشن نے جموں و کشمیر میں دوسرے مرحلہ کے اسمبلی انتخابات کا اعلامیہ جاری کردیا جو جملہ پانچ مراحل میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا ۔ 2 دسمبر کو 18 حلقوں میں رائے دہی ہوگی ۔ جو پانچ اضلاع کپواڑہ ، کلگام ، ریاسی ، ادھم پور اور پونچھ پر مشتمل ہیں جب کہ گلاب گڑھ ، ریاسی ، گدول ارناس ، ادھم پور ، چینانی ، رام نگر ، سورن کوٹ ، میڈھر اور پونچھ حویلی ( تمام جموں خطہ ) جب کہ کرناہ ، کپواڑہ ، لولاب ، ہنڈواڑہ ، لان گیٹ ، نور آباد ، کلگام ، ہوم شاہ علی باغ اور دیوسر ( تمام وادی کشمیر ) میں 2 دسمبر کو رائے دہی مقرر ہے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 14 نومبر ہے جب کہ کاغذات کی جانچ پڑتال 15 نومبر کو ہوگی ۔ نامزدگی سے دستبرداری اختیار کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر مقرر کی گئی ہے ۔ تمام پانچ مراحل میں ہوئی رائے دہی کے ووٹوں کی گنتی 23 دسمبر کو مقرر ہے ۔۔