نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس جس پر شاردا چٹ فنڈ اسکام کے سلسلہ میں تنقید جاری ہے۔ آج لوک سبھا میں بی جے پی کے صدر امید شاہ کے خلاف مقدمات کی سی بی آئی کی جانب سے تحقیقات کے بعد انہیں بے قصور قرار دینے پر سخت تنقید کی جس کے نتیجہ میں برسراقتدار پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل ظاہر کیا گیا۔ ترنمول کانگریس رکن کلیان بنرجی نے لوک سبھا میں ادعا کیا کہ سی بی آئی قبل ازیں کہہ چکی تھی کہ اس کے پاس امیت شاہ کے خلاف ثبوت موجود ہے لیکن بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد اس نے اپنا موقف تبدیل کردیا۔ انہوں نے صدرجمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکر کے مباحث میں شرکت کرتے ہوئے یہ مسئلہ اٹھایا۔