امیت شاہ کو بچانے کے لئے سی بی ائی کا ناجائز استعمال

کانگریس کے قومی ترجمان آرپی این سنگھ نے وزیر اعظم مودی پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا‘آخر کیوں اس سلسلہ میں کوئی کاروائی آگے نہیں بڑھنے دے رہے ہیں ‘ آر جے ڈی سے اتحاد قائم رکھنے کا اعلان ‘ لالو پرساد یادو کے وکیل چیلنج کریں گے
نئی دہلی۔بی جے پی کے صدر امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے ان پر سی بی ائی کا ناجائز استعمال کا الزام عائد کیا۔

یہاں اے ائی سی سی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی ترجمان اور سابق مرکزی وزیر آر پی این سنگھ نے کہاکہ جب وزیر اعظم اپوزیشن میں تھے تو سی بی ائی کے سلسلہ میں آنگلیاں اٹھاتے تھے نیز یوپی اے حکومت اور کانگریس پر الزامات عائد کرتے تھے لیکن گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں جس طرح سح سی بی ائی کاناجائز استعمال کیاگیا ہے او رپی ایم او سے کنٹرول کیاگیا ہے اس کو پورے ملک نے دیکھا ہے اور دیکھ رہا ہے۔

گجرات کے سہراب الدین انکاونٹر معاملہ کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس ترجمان نے کہاکہ آج کل ایک مقدمہ بہت چرچا میں ے کیونکہ اس کا تعلق حزب اقتدار بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے ہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ رولنگ پارٹی کے صدر کا معاملہ ہے اس لئے سی بی ائی اس معاملہ میں داخل مفاد عامہ کی عرضی کو روکنا چاہتی ہے نیز اس کوروکنے کے لئے ہرطرح سے کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ شاید یہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے جارہا ہے کہ کسی معاملہ میں داخل ہونے والی مفاد عامہ کی پٹیشن کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب سی بی ائی کہہ رہی ہے کہ اس طرح کی پی ائی ایل داخل کرنا غلط ہوگا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس پی ائی ایل سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔ امیت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہاکہ ہم سب اس مقدمہ کے پس منظر سے واقف ہیں اور یہ بھی جانتے ہیں کس کو صوبہ سے باہر رہنے کا حکم دیاگیا تھا۔