امیت شاہ کو بری کرنے کیخلاف درخواست خارج

ممبئی 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے سہراب الدین شیخ انکاؤنٹر کیس سے بی جے پی سربراہ امیت شاہ کو 2014 ء میں ایک تحت کی عدالت سے بری کئے جانے کو چیلنج نہ کرنے سی بی آئی کے فیصلہ کے خلاف مفاد عامہ کی ایک درخواست کو آج خارج کردیا۔ جسٹس رنجن مورے اور جسٹس بھارتی ڈانگرے پر مشتمل ایک ڈیویژن بنچ نے کہاکہ وہ درخواست میں طلب کردہ راحتیں دینے سے دلچسپی نہیں رکھتی۔ بمبئی لائیرس اسوسی ایشن سے موسوم ایک گروپ کی طرف سے دائر کردہ درخواست میں سہراب کیس میں امیت شاہ کو دی گئی برات کو چیلنج نہ کرنے سی بی آئی کے فیصلے پر سوال اُٹھائے گئے تھے۔ عدالتی فیصلے نے کہاکہ ’’ہم اس درخواست کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم کوئی راحت فراہم کرنا نہیں چاہتے بالخصوص جبکہ درخواست گذار ایک ایسا ادارہ ہے جس کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق یا جواز نہیں ہے‘‘۔ سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے 2014 ء میں امیت شاہ کو اس مقدمہ میں منسوبہ الزامات سے بری کردیا تھا۔ واضح رہے کہ سہراب الدین شیخ اور ان کی بیوی کوثر بی کو 2005 ء کے دوران گجرات پولیس نے ایک مبینہ فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا۔