جئے پور۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ 11 ستمبر کو جئے پور کو اپنے ایک روزہ دورے کے دوران پارٹی کے زیر اہتمام 4 پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ پارٹی کے ریاستی صدر مدن لال سائنی نے کہا کہ امیت شاہ کا جئے پور ایرپورٹ پر آمد پر استقبال کیا جائے گا جہاں سے وہ سکیوریٹی کے درمیان موٹر سائیکل ریالی کے ذریعہ پارٹی ورکرس کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ امیت شاہ ایرپورٹ سے موتی ڈونگری گنیش مندر پہنچیں گے۔ اس کے بعد وہ 4 پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ سائنی نے آج یہاں پارٹی آفس میں میڈیا والوں کو بتایا کہ امیت شاہ طے شدہ پروگرام کے مطابق سہکاریتا (امداد باہمی) سمیلن، شکتی کیندر سمیلن، پربھودی جن (دانشوران) سمیلن کے علاوہ مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ وہ ان پروگراموں کے دوران پارٹی قائدین و ورکرس اور دانشوروں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ صدر پارٹی ریاست میں چنائو سے قبل مزید چند موقعوں پر راجستھان کا دورہ کریں گے۔ راجستھان کے اسمبلی چنائو رواں سال کے اواخر میں منعقد شدنی ہیں۔