امیت شاہ پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ ’’بد بختانہ ‘‘:سماجوادی پارٹی

لکھنو 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )بی جے پی قائد امیت شاہ کے انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت بحال کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو ’’بد بختانہ ‘‘ قرار دیتے ہوئے سماجوادی پارٹی قائد نے آج کہا کہ یہ پارٹی کے قائد محمد اعظم خان کے ساتھ ’’نا انصافی ‘‘ہے ۔ پارٹی کے ترجمان راجندر چودھری نے کہا کہ امیت شاہ کی انفرادی مہم پر عائد امتناع کی برخواستگی ہمارے سینئر قائد محمد اعظم خان کے ساتھ نا انصافی ہے ہم الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں اس کو اپنے فیصلہ پر

نظر ثانی کرتے ہوئے اعظم خان پر عائد امتناع بھی برخواست کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ ’’فرقہ پرستی کا چہرہ ‘‘ ہیں۔ جبکہ سماجوادی پارٹی قائد اعظم خان ’’سیکولرزم کا چہرہ ‘‘ ہیں۔ چنانچہ انہیں انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کمیشن سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں ۔ اعظم خان اور امیت شاہ دونوں پر الیکشن کمیشن نے 11 اپریل کو ان کے متنازعہ تبصروں کی بناء پر یو پی میں انتخابی مہم چلانے پر امتناع عائد کردیا تھا ۔ اس سوال پر کہ کیا امیت شاہ نے الیکشن کمیشن کو تیقن دیا ہے کہ وہ عوامی خیر سگالی اور نظم و ضبط میں خلل اندازی پیدا نہیں کریں گے لیکن بی جے پی پر کبھی بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔

بی جے پی کو اقتدار سے ہند ۔ امریکہ تجارت و صنعت کو تقویت ملے گی :مودی
نئی دہلی ۔ /18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے آج کہا کہ مرکز میں بی جے پی کو اقتدار مل جائے تو ہند ۔ امریکہ سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت ملے گی اور تجارت و صنعت میں اضافہ ہوگا ۔ امریکہ کے ساتھ تجارت ، صنعت و ٹکنالوجی کو فروغ دینا ہندوستان کے مفاد میں ہے ۔ ہم اس سلسلہ میں جتنا ممکن ہوسکے کام کریں گے ۔ مودی نے کہا کہ عالمگیر دور کے تناظر میں سفارتی تعلقات میں نمایاں تبدیلی لائی جائے گی ۔