امیت شاہ نے پٹنہ میں یوگا کیا

پٹنہ ۔ /21جون (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے آج پٹنہ میں منعقدہ خصوصی سیشن میں حصہ لیا اور یوگا کو مسلمہ موقف دلانے اقوام متحدہ میں قرارداد کی منظوری کے ذریعہ دنیا بھر میں ہندوستانی پرچم کو بلند کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی ۔ بہار کے ریاستی دارالحکومت پٹنہ کے معین الحق اسٹیڈیم میں امیت شاہ نے یوگا تقریب میں حصہ لیا جہاں دو مسلم لڑکیاں رخسانہ خاتون اور بسم اللہ خاتون یوگا کی تربیتی کلاسیس لیتی ہیں ۔ سینئر بی جے پی قائدین سشیل کمار مودی ، سابق مرکزی وزیر سی پی ٹھاکر اور اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نندکشور یادو نے بھی امیت شاہ کے ساتھ یوگا میں حصہ لیا ۔ بی جے پی کے صدر نے صدیوں قدیم اس جسمانی ، ذہنی و روحانی ریاض کی بھرپور ستائش کی اور اس قدیم تکنیک کو عالمی سطح پر تسلیم کروائے جانے پر وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد دی ۔ بہار میں جہاں اس سال ستمبر ۔ اکٹوبر کے دوران اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ بی جے پی قائدین نے یوم یوگا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ریاست کے کئی مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا ۔ مرکزی وزیر اغذیہ و صدر ایل جے پی رام ولاس پاسوان نے اپنے حلقہ لوک سبھا حاجی پور میں یوگ آسن کیا ۔