امیت شاہ نے بحیثیت وزیر داخلہ کا جائزہ لے لیا

دہشت گردی کی سرکوبی ، غیرقانونی بیرونی مہاجرین کی دراندازی پر کنٹرول اہم ترجیحات

نئی دہلی۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے مرکزی وزیر داخلہ کی حیثیت سے آج اپنا نیا عہدہ سنبھال لیا۔ زعفرانی جماعت کے زیرقیادت این ڈی اے محاذ کی شاندار فتح کے بعد انہیں وزیر کی حیثیت سے حلف دلایا گیا تھا۔ وزارت داخلہ کے نارتھ بلاک آفس میں معتمد داخلہ راجیو گاؤبا نے امیت شاہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انٹلیجنس بیورو کے سربراہ راجیو جین اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ وہ نئے مملکتی وزراء داخلہ جی کشن ریڈی اور نیتا نندا رائے نے بھی آج ہی اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ امیت شاہ دہشت گردی کی بے رحمی کے ساتھ سرکوبی اور غیرقانونی مہاجرین کے ملک میں داخلہ پر سختی سے کنٹرول سے متعلق این ڈی اے حکومت کی پالیسیوں کو ترجیح دیں گے۔ نئے وزارت داخلہ کی فوری نوعیت کی ایک اہم ذمہ داری جموں و کشمیر کی صورتحال سے نمٹنا بھی ہے جہاں فی الحال صدر راج نافذ ہے۔ علاوہ ازیں آسام میں شہریوں کے قطعی قومی رجسٹریشن کی اشاعت کے بعد سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے بھی ان کی اہم ذمہ داری ہوگی۔ حالیہ منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے کو حیرت انگیز طور پر بھاری اکثریت سے جیت حاصل ہوئی۔ زعفرانی جماعت کو 542 کے منجملہ 303 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ امیت شاہ بی جے پی کے صدر کی حیثیت سے اس پارٹی کی شاندار فتح کے معمار قرار دیئے جارہے ہیں۔ کیرالا کے گورنر پی ستھا سیوم اور مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ آج وزیر داخلہ سے سب سے پہلے خیرسگالی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔