امیت شاہ مکمل طور پر جھوٹ بول رہے ہیں:ترنمول کانگریس

کلکتہ،15مئی (یو این آئی)وزیرا عظم مودی کو ایکسپائری وزیرا عظم قراردیتے ہوئے ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان ڈیریک اوبرائن نے کہا ہے کہ امیت شاہ نے آج جو کچھ پریس کانفرنس میں کہا ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے وہ مکمل طور پر جھوٹے ہیں۔ اوبرائن نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے قیام کو 21سال مکمل ہوچکے ہیں اور میں 16برسوں سے پارٹی کا ترجمان ہوں، مگرآج کا دن بہت ہی افسوس ناک دن ہے ۔آج کے دن ہم لوگ نہ صرف غصے میں ہیں،بلکہ کل شام جو کچھ ہوا اس سے دکھی ہیں۔کل جو کچھ ہوا وہ افسوس ناک تھا۔امیت شاہ کے روڈ شو میں باہر سے لوگ لائے گئے تھے ۔طلباء پر امن ماحول میں احتجاج کررہے تھے ۔مگر بی جے پی والوں نے پورے کالج میں ہنگامہ کردیا۔زعفرانی کپڑے میں ملبوس بی جے پی ورکروں نے ودیا ساگر جیسی عظیم شخصیت کے مجسمے کو توڑدیا۔ اوبرائن نے کہا کہ مگر ہمیں امید ہے کہ بنگال کے عوام مودی اور بی جے پی کو وہی سبق سکھلائیں گے جو 2002کے گجرات فسادات کے بعد دکھلایا تھا۔اوابرئن نے کہا کہ یہی فرق ہے ۔ممتا بنرجی کو مودی اسپیڈ بریکر کہہ کر پکارتے ہیں یقینا وہ اسپیڈبریکر ہیں اور آپ کے اقتدار کی راہ میں روکاوٹ بنی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن سے ملاقات کرنے کے بعد ترنمول کانگریس کے لیڈر شوکھندو شیکھر رائے نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن کو ویڈیو بطور ثبوت پیش کیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ کل امیت شاہ کے روڈ شو کے دوران ہنگامہ آرائی کیلئے کون ذمہ دار ہے ۔بی جے پی نے ایک خاص مقصد کے تحت ہنگامہ آرائی کروائی ہے ۔پہلے سے ہی بی جے پی ورکروں کو ہتھیار لے کر آنے کو کہا گیا تھا۔بی جے پی کے کئی لیڈران اس میں ملوث تھے ۔