امپائر سے بحث‘اسمتھ پر 30 فیصد جرمانہ

دبئی۔25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان اسٹیون اسمتھ اور فاسٹ بولرجوش ہیزل ووڈ کو امپائرسے الجھنے پر جرمانہ عائد کردیا۔ اسٹیو اسمتھ اور ہیزل ووڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹسٹ میچ کے چوتھے روز کھانے کے وقفے سے ایک اوور قبل کین ولیمسن کے خلاف اپیل پر آؤٹ قرار نہیں دیے جانے پر امپائر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے بحث کی تھی جس پر فاسٹ بولر کو اس دن  ہی میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا تھا تاہم ایک دن بعد کپتان اسمتھ پربھی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا گیا۔مذکورہ میچ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔ اسمتھ نے اس ضمن میں کہا کہ میرا خیال تھا کہ امپائر کے پاس جا کر ان سے وضاحت طلب کرنا میرا حق ہے۔ تاہم اسمتھ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے ایک غلطی ہوئی تھی اور میں نے ضابطہ اخلاق کو توڑا تھا یہ مجھے اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش اور اس ٹیم کو درست سمت میں آگے بڑھانے اور مثبت جارحانہ کرکٹ کے لیے اہم ہے، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے، ہم جانتے ہیں کہ ایک حد ہے جہاں سے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو دوٹسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے ٹسٹ میں ایک اننگز اور 52 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے اور آخری میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جسکی بدولت اسے ٹسٹ درجہ بندی میں پہلا مقام ملا ہے۔