جماعت اسلامی میدک کی جانب سے عیدملاپ پروگرام، جناب ریاض الدین اور دیگر کا خطاب
میدک 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند میدک ٹاؤن یونٹ کے زیراہتمام میدک کے کرسٹل گارڈن میں عیدملاپ پارٹی کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت جناب محمد ریاض الدین ناظم ضلع میدک جماعت اسلامی ہند نے کی۔ اس تقریب میں سکریٹری تلنگانہ راشٹرا سمیتی جناب ایم دیویندر ریڈی ایڈوکیٹ، صدرنشین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ناظم جماعت اسلامی جناب ریاض الدین نے کہاکہ جماعت اسلامی ہند آفاقی پیغام اور اس کی تعلیمات کو عام کرتی آرہی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں ہندو مسلم اتحاد کے ساتھ ملک کی سالمیت کو پروان چڑھانے میں 65 برسوں سے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہاکہ اسلام مساوات کا درس دیتا ہے۔ یہاں غریب امیر عہدہ سے بالاتر ہوکر ایک صف میں ایک جُٹ ہوکر نماز کی ادائیگی کرتے ہیں۔ جماعت برادران وطن میں قرآنی تعلیمات کو عام کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ قرآنی تعلیمات کو غیر مسلموں میں عام کرنے میں جماعت کا اہم کردار ہے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کی ترقی، امن و استحکام کے لئے مذہب اسلام کی تعلیمات کو عام کرنا آج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جناب ایم دیویندر ریڈی نے کہاکہ نمازوں کی پابندی کرنے والے رمضان المبارک کے پورے روزے رکھنے والے خوش قسمت ہیں اور قابل مبارکباد ہیں۔ انھوں نے جماعت اسلامی ہند کے عزائم سے خوش ہوکر ذمہ داروں کی سراہنا کی۔ انھوں نے یہاں بزبان تلگو بیانات سُن کر حیرت کرتے ہوئے کہاکہ یقینا اسلام میں مساوات کا درس ملتا ہے۔ قرآن ہوکہ بائبل، بھگوت گیتا سبھی کتب میں امن کا پیغام ملتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ آج مجھے سمجھ آیا کہ قرآن میں کھلی ہدایت والی کتاب ہے۔ اب تک یہی سمجھا تھا کہ یہ صرف مسلمانوں کی کتاب ہے۔ تلگو مقررین کی جانب سے قرآنی آیات کا ترجمہ تلگو میں سن کر انھوں نے کہاکہ مذہب اسلام کی تعلیمات اگر سارے ملک میں عام ہوجائے تو یقینا قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا اور ملک ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔ برادر شیخ امیرالدین نے بزبان تلگو تقریر کرتے ہوئے ہندو بھائیوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ انھوں نے اپنی تقریر کے دوران نماز، روزہ، ماہ رمضان، فطرے، زکوٰۃ سے متعلق تفصیلی روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہاکہ قرآن مجید صرف مسلمانوں کی کتاب نہیں بلکہ ساری انسانیت کے لئے سرچشمہ ہدایت والی کتاب ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہند ملک میں امن و امان کیلئے خدمات انجام دے رہی ہے اسی لئے مقصد میں کامیابی کے لئے قرآنی تعلیمات کو غیر مسلموں تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسٹر ملکارجن گوڑ صدرنشین بلدیہ نے کہاکہ ریاستی وزیراعلیٰ پوری ریاست میں ہندو مسلم اتحاد کے لئے کئی ایک اختراعی پروگرامس انجام دے رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ پورے ملک میں ایسی کہیں مثال نہیں ملتی کہ حکومت کی جانب سے ساری ریاست میں بڑے پیمانے پر افطار پارٹیاں معہ طعام منعقد کی گئیں اور حکومت کی جانب سے ملبوسات کی تقسیم عمل میں آئی۔ انھوں نے کہاکہ میدک ٹاؤن میں ہندو مسلم اتحاد قائم ہے۔ یہ ٹاؤن اتحاد کا گلدستہ ہے۔ عید ملاپ پروگرام کا قرأت کلام پاک سے آغاز ہوا۔ جناب میر ظفراللہ طاہر امیر مقامی نے ابتدائی کلمات میں جماعت اسلامی ہند کے اغراض و مقصد پر مفصل روشنی ڈالی۔ جناب شیخ فاضل نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ بعدازاں سبھی شرکاء کی شیرخورمہ کے ذریعہ تواضع کی گئی۔ اس تقریب میں نائب صدرنشین منڈل پریشد للینتا وشوم، صدر ٹاؤن اقلیتی سل ٹی آر ایس مسٹر محمد فاضل، بلدی کونسلرس وینکٹ رمنا، سید صادق، اسماء منیر، ایم ای او نریش کے علاوہ ذمہ داران جماعت اسلامی ہند مسٹر سید سعادت حسین ذکی، ایم اے شہید راشد، شیخ یحیٰی صابر، محمد عزیزالدین، مختار خان شکیل اور مقامی حضرات مرزا سلیم بیگ، سید اسرارالدین کے علاوہ خواتین اور ہندو بھائیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔