امن کا ہاتھ بڑھانے پر ایران سے کچھ نہ ملا : سعودی عرب

ریاض ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہیکہ اگر ایران معمول کے مطابق تعلقات کا خواہشمند ہے تو اسے سعودی عرب اور پڑوسی ممالک کے امور میں مداخلت سے رکنا ہوگا اور ساتھ ہی خطے میں دہشت گرد گروپوں کو جنم دینے سے بھی باز رہنا ہوگا۔ جمعہ کو جنوبی افریقہ کی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں الجبیر نے باور کرایا کہ سعودی عرب نے کئی دہائیوں سے ایران کی جانب امن کا ہاتھ بڑھا رکھا ہے تاہم اس کے مقابل مملکت کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ : 1979ء میں خمینی کے انقلاب کے بعد تقریبا 35 برسوں سے ہم نے ایران کی جانب اپنا ہاتھ بڑھا رکھا ہے مگر اس کے عوض ہمیں کچھ نہیں ملا۔ ہم نے ایران کیساتھ پرامن تعلقات کا ارادہ کیا جس کے عوض ہمیں اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت، مناسک حج میں رکاوٹ، اپنے ایک سفارتکار کی ہلاکت، اپنے سفارتخانے پر حملوں کیساتھ ساتھ ان دہشت گرد گروپوں کا بھی سامنا کرنا پڑا جن کو ایران نے مملکت اور پڑوسی ممالک میں نصب کیا تھا۔