امن و امان کی برقراری میں پولیس کا کلیدی رول

نظام آباد:28؍ جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)پولیس ملازمین کی دلچسپی سے ہی امن و امان کی برقراری یقینی ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر زراعت مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی آج نظام آباد میں حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو منظور کردہ 44 نئی گاڑیوں کا افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس جلسہ کی صدارت ایس پی نظام آباد مسٹر چندر شیکھر ریڈی نے کی۔ اس جلسہ میں ڈی آئی جی نظام آباد رینج گنگادھر، اراکین اسمبلی و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی اہمیت کی حامل ہے اور امن و امان کی برقراری میں پولیس ملازمین کا اہم دخل ہے اور ان کی دلچسپی اور جستجو سے ہی امن و امان کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے قیام کے بعد محکمہ پولیس کی کارکردگی میں سدھار پیدا کرنے اور تمام سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کرتے ہوئے چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے 312 کروڑ روپئے مختص کرتے ہوئے تلنگانہ کے 10اضلاع کو ٹو وہیلرس اور فور وہیلرس 3000گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 1500 ٹو وہیلرس، 1500 فور وہیلرس کی منظوری دی گئی اور ضلع کیلئے 44 گاڑیاں فراہم کی گئی اور آنے والے دنوں میں تمام پولیس اسٹیشنوں کو یہ گاڑیاں مختص کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی نظام آباد وائی گنگادھر نے اپنی تقریر میں کہا کہ پولیس ملازمین کی بہتر کار کردگی سے ہی امن وضبط کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور عوام سے بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے سماج میں جرائم کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ امن و ضبط کو خطرہ لاحق ہونے کی صورت میں پولیس ملازمین اپنے فرائض کو انجام دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھیں گے اور امن و ضبط کی برقراری کیلئے ہمیشہ اقدامات کئے جائیں گے۔ اس اجلاس میں ایم ایل سی وی جی گوڑ، ارکان اسمبلی اے رویندرریڈی، بی گنیش گپتا، ہنمنت شنڈے، مئیر نظام آباد آکولہ سجاتا، ضلع پریشد چیرمین دفعدار راجو، ایس پی چندر شیکھر ریڈی،11ویں بٹالین کے کمانڈنٹ سرینواس رائو، اڈیشنل ایس پی پانڈو نائیک کے علاوہ ٹی آرایس قائدین طارق انصاری، مجاہد ببو، اختر احمدو دیگر بھی موجودتھے ۔