امن مذاکرات کیلئے اسرائیل، فلسطینی قیدی رہا کرے : عباس

رملہ ، 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل فلسطینی قیدی رہا کر دے تو معطل امن مذاکرات بحال ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل طے شدہ فارمولے کے تحت چوتھے مرحلے میں فلسطینی اسیران کی رہائی یقینی بنائے اور تین ماہ کیلئے یہودی بستیوں میں توسیع بند کر دے تو امن مذاکرات کا سلسلہ بحال ہو سکتا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر، اسرائیل کے 300 امن کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی و اسرائیلی قوموں کے درمیان تنازعات کے حل کیلئے پُرامن بات چیت کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ماضی کے مذاکرات میں ہم نے بھاری قیمت ادا کی۔ آپ جانتے ہیں کہ کتنی کوششوں کے بعد ہم لوگ اس حقیقت پر متفق ہوئے کہ تنازعات کے حل کا واحد راستہ امن بات چیت میں مضمر ہے۔ میں آج بھی اسی اصول پر قائم ہوں‘‘۔