قاہرہ ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ سربراہ نبیل العربی نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسرائیل اور فلسطین جاری بحران کو جلد ختم کرلیں گے اور امریکی کوششوں سے مذاکرات کا جلد آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے مسئلہ پر جاری تعطل بھی ختم ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے امن مذاکرات کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اس ادعا کو مسترد کردیا کہ یہ مذاکرات کسی طرح کی پیشرفت میں ناکام رہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ 29 اپریل کی قطعی مہلت میں مزید چند ماہ کی توسیع کی جاسکتی ہے۔
لبنان میں دو فوجی فائرنگ میں ہلاک
بیروت ، 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لبنان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک فوجی افسر سمیت دو سکیورٹی پرسونل کو ہلاک کر دیا۔ غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے شمالی شہر فنیریک میں فوجی چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت دو فوجی ہلاک ہوئے اور ایک دیگر زخمی ہوگیا، جو اسپتال میں شریک ہے۔