صنعاء ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں آئینی حکومت کی واپسی کے لیے عسکری آپریشن میں مصروف عرب اتحادی افواج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز 9 زیر حراست سعودیوں اور 109 یمنیوں کو ان کے ملکوں کو واپس کردیا گیا ہے۔ مذکورہ یمنی شہریوں کو سعودی عرب کی جنوبی سرحد کے نزدیک آپریشنز کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اتحادی افواج کی قیادت نے ’’امید کی واپسی‘‘ کے نام سے اپنے منصوبے کے اطلاق کے سلسلے میں سرحد پر حالیہ پرسکون صورت حال کا خیرمقدم کیا ہے۔ ساتھ ہی اس نے امید ظاہر کی ہے کہ یمن کے اندر لڑائی کے علاقوں میں بھی جلد حالات پرامن ہوجائیں گے جس سے تمام یمنی اراضی میں امدادی سامان پہنچانے کی کارروائیوں میں اضافہ ہوسکے گا۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی ان کوششوں کو بھی تقویت حاصل ہوگی جو وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 2216 کے مطابق ایک سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے کررہی ہے۔