امن مذاکرات تعطل کیلئے اسرائیل ذمہ دار ، عرب لیگ

قاہرہ ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عرب وزرائے خارجہ نے آج فلسطینی لیڈر محمود عباس کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں امریکی کوششوں کے ذریعہ شروع کئے جانے والے امن مذاکرات کو خطرناک حد تک تعطل کا شکار بنانے کیلئے اسرائیل کو مکمل طور پر ذمہ دار قرار دیا گیا۔ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے بھی اسرائیلی بستیوں کو آباد کرنے کے فیصلہ کی منظوری کو تعطل کیلئے موردالزام قرار دیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں دونوں فریقین کا رول مساوی رہا۔ اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلی جس کے بعد محمد عباس کی درخواست پر ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ ہم نے قیدیوں کی رہائی کیلئے تمام قواعد کی پاسداری کی اس کے باوجود اسرائیل نے اپنے موقف سے انحراف کیا ہے۔ عرب لیگ سربراہ نبیل العربی نے مذاکرات کو تعطل کا شکار بنانے کیلئے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ مذاکرات کو ناکامی سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔

اسرائیل کا ردعمل
یروشلم ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے عرب لیگ کی جانب سے مذاکرات میں تعطل کیلئے موردالزام قرار دینے پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے وزراء کو حکم دیاہیکہ وہ فلسطینی ہم منصبوں کے ساتھ روابط محدود کردیں۔ انہیں فلسطینی ہم منصب سے ملاقات نہ کرنے کی ہدایت دی گئی۔