امن برقرار رکھنے کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھاجائے:سربراہ پاک بحریہ

کراچی۔ 7 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے واضح کیا ہے کہ خطے میں امن برقرار رکھنے کی خواہش کو کمزوری سمجھنے سے گریز کیا جائے، ملک کی سلامتی کو درپیش ہرخطرے کا جواب دینے کے لیے ہم ہر لمحہ تیار ہیں۔کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی میں منعقد 109ویں مڈ شپ مین اور 18ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ بحری دہشت گردی، قزاقی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بحر ہند میں ریجنل میری ٹائم پٹرولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔تقریب میں بحرین نیوی کے سربراہ کموڈور محمد یوسف الآسام اور بحرین کوسٹ گارڈز کے سربراہ میجر جنرل علاالدین بھی تقریب میں موجود تھے۔انہوں نے بتایا کہ پاس آؤٹ ہونے والوں میں دوست ممالک سعودی عرب، اردن اور قطر سے 43 افسران بھی شامل ہیں، کمیشن حاصل کرنے والوں نے پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم و ترغیب بھی حاصل کی۔