امریکی ڈالر فراہم کرنے کے بہانے تاجر کو کروڑہا روپئے کا دھوکہ

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) امریکی ڈالر فراہم کرنے کے بہانے شہر کے ایک تاجر کو کروڑہا روپئے کا دھوکہ دینے والے دو نائیجیریائی باشندوں کو سنٹرل کرائم اسٹیشن ( سی سی ایس ) پولیس کی سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ مسٹر اویناش موہنتی نے بتایا کہ سائی پرساد نامی شخص کو امریکی فوجی ملازمہ ظاہر کرتے ہوئے فیس بک کے ذریعہ اس سے ربط پیدا کیا گیا اور اسے یہ یقین دلایا کہ اسے 5.6 ملین ڈالر کی رقم حاصل ہوئی ہے اور اسے ریڈ کراس میں رکھنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ امریکی ڈالر فراہم کرنے کے بہانے شاطر دھوکہ بازوں نے سائی پرساد سے وقتاً فوقتاً 1.5کروڑ بطور کسٹم فیس حاصل کرلئے اور بعد ازاں اسے دہلی میں طلب کرتے ہوئے ڈالرس حوالے کرنے کے بہانے ٹھگ لیا۔ سائبر کرائم پولیس کو سائی پرساد کی جانب سے شکایت کئے جانے پر ایک مقدمہ درج کرلیا گیا اور یہاں کی پولیس نے نائیجیریائی دھوکہ بازوںکرائسٹ ولیمس عرف ڈونالڈ اور مارشل عرف جانسن پیس ابوکوا کو نئی دہلی میں گرفتار کرلیا۔ ملزمین کی گرفتاری کے دوران  نائیجیریائی باشندوں نے سائبر کرائم کے کانسٹبل سلیم پر حملہ کردیا تھا لیکن پولیس نے انہیں کامیاب طور پر گرفتار کرکے حیدرآباد منتقل کردیا۔