جدہ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر براک اوباما دورۂ یورپ کے اختتام پر آئندہ جمعرات کو سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں وہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے شاہی محل میں تفصیلی ملاقات بھی کریں گے۔ امریکی صدر جمعہ کو سعودی عرب میں قیام کریں گے اور ہفتے کو وطن کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اوباما کے دورے کا مقصد دوست ممالک کو ایران کے نیوکلیر پروگرام پر جاری مذاکرات کے سلسلے میں اعتماد میں لینا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ سے ملاقات میں صدر اوباما شام کی تازہ صورتحال، باغیوں کی فوجی امداد، ایرانی نیوکلیر پروگرام پر جاری بات چیت، مشرق وسطیٰ کے امن مذاکرات اور مصر کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دو روز قبل امریکی قومی سلامتی کی مشیر سوزین رائس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر اوباما جلد سعودی عرب کے دورے پر جائیں گے، جہاں وہ سعودی فرمانروا سے ملاقات میں خلیج کی سلامتی کو یقینی بنانے سے متعلق امریکی موقف کے بارے میں انھیںاعتماد میں لیں گے۔ انھوں نے کہا تھا کہ صدر اوباما ،خادم الحرمین الشریفین کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کئی دیگر موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے، جن میں دوطرفہ سکیورٹی واقتصادی تعاون اور انسداد دہشت گردی کے موضوعات خاص طور پر شامل ہیں۔ رائس نے کہا تھا کہ امریکہ کے نزدیک ایران کے جوہری پروگرام کی نسبت شام کی موجودہ صورتحال زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔