فرضی کال سنٹر چلانے والے 3 دھوکہ باز گرفتار
حیدرآباد۔ 2 جنوری (سیاست نیوز) فرضی کال سنٹرس کے ذریعہ امریکی شہریوں کو دھوکہ دینے کے واقعات میں ملوث تین دھوکہ بازوں کو چارمینار پولیس نے گرفتار کرلیا۔ محمد عرفان عرف بنجامن نے اپنے ساتھی نوین دادوائی عرف روزر وِلسن دونوں اسروٹیک ادارہ واقع خیریت آباد کے مالک ہیں۔ ان دونوں نے احمدآباد (گجرات) کے دنیش روی بھائی مرلیار کی مدد سے ایک فرضی کال سنٹر قائم کیا اور آسانی سے قرض دلانے کا دعویٰ کرتے ہوئے امریکی شہریوں کو دھوکہ دے رہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمین امریکہ کی ایک ویب سائٹ کو ہیک کرتے ہوئے قرض کیلئے درخواست دینے والے امریکی شہریوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے فون نمبرات پر ربط کرتے تھے اور قرض کی منظوری کی اطلاع دے کر گرین ڈاٹ پری پیڈ کارڈ کے ذریعہ دھوکہ دیا کرتے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ دھوکہ بازی کا ریاکٹ کا سرغنہ دنیش روی بھائی ہے جس نے یہاں کے نوجوانوں کو دھوکہ دہی کیلئے فرضی بینک کال سنٹر قائم کیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے 2 کمپیوٹر، لیاپ ٹاپ اور موبائیل فونس برآمد کرلئے۔