ریاض ، 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی عدالت نے اپنے تین بچوں کے ساتھ ملک چھوڑ کر چلے جانے والے سعودی شوہر سے ای میل پر طلاق لینے کا اس کی امریکی بیوی کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے۔ امریکی خاتون نے عدالت کو بتایا کہ اس کی جون 2004 ء میں ایک سعودی طالب علم سے شادی ہوئی تھی۔ وہ پنسلوانیا یونیورسٹی سے ماسٹر ڈگری کے حصول کیلئے امریکہ میں موجود تھا۔ لیکن پچھلے سال 24 نومبر سے تینوں بچوں کے ساتھ امریکہ کو چھوڑ کر جا چکا ہے۔ اس کی اہلیہ نے الزام لگایا ہے کہ ’’ اس نے مجھے بچوں کو دیکھنے اور ملنے کے حق سے بھی محروم کر دیا ہے‘‘۔ اس صورتحال پر رنجیدہ خاتون نے عدالت سے استدعا کی کہ ’’اسے اس کے شوہر سے ای میل کے ذریعے طلاق دلوائی جائے کیونکہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ کسی قسم کا رابطہ نہیں چاہتی‘‘۔ خاتون نے عدالت میں کہا، ’’ میں ایسے شخص سے شادی کر کے ٹوٹ گئی ہوں ، میں اس کی وجہ سے اپنے بچوں کو دیکھ بھی نہیں سکتی ، اس نے ہماری زندگی کو قابل رحم بنا دیا ہے‘‘۔ امریکی جج نے تین بچوں 9 سالہ محمد، 7 سالہ ابراہیم ، اور 5 سالہ الیاس کی والدہ جسیکا کی استدعا پر اسے ای میل پر طلاق کا حق دار قرار دیا۔