بغداد۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی جنرل مارٹن ڈیمپسی عراق کے غیر اعلانیہ دورے پر بغداد پہنچ گئے ہیں۔ وہ عراق کی اندرونی صورت حال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ جہادیوں کیخلاف امریکی اور اتحادی افواج کی فضائی کارروائی کے نتائج پر بھی غور کریں گے۔ دو روز قبل امریکی جنرل نے عراقی فوج کی حالیہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بغداد حکومت کی فوج اب بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے۔ ڈیمپسی کا خیال ہے کہ موصل پر قبضے کی عراقی کوشش مشکل اور پیچیدہ ہے۔
بغداد میں دھماکے،34افراد ہلاک
بغداد۔ 15 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں چار بم دھماکوں میں 34 افراد ہلاک ہوگئے۔ بغداد کے نواحی علاقے گورایات میںکار بم دھماکہ ہوا،جس میں 15 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوگئے، دھماکے کی شدت کی وجہ سے مکانات اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بجلی کے کھمبوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔گزشتہ روز شہر کے اندر اور باہر 4 بم دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 34 ہو گئی۔ کسی تنظیم کی جانب سے حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔