امریکی احتجاج کے باوجود 65 افغان قیدی رہا

کابل ، 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج کے احتجاج کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے افغانستان نے 65 خطرناک قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ ایک افغان عہدہ دار کے مطابق حکومت نے 65 افغان قیدیوں کو سابق امریکی جیل سے رہا کیا ہے۔ امریکہ نے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قیدی خطرناک جنگجو ہیں، جو اتحادی اور افغان فورسز کے قتل کیلئے دوبارہ میدان جنگ میں اتریں گے۔ افغانستان میں امریکی فورسز کا کہنا ہے کہ رہا کئے جانے والوں کے ہاتھ عالمی اور افغان فوجیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ جیل کے ترجمان نعمت اللہ خاکی نے تصدیق کی ہے کہ تمام 65 قیدیوں کوجمعرات کو آزاد کر دیا گیا ہے۔ اوباما انتظامیہ اور افغان حکومت کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔