بغداد ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراقی ارکان پارلیمنٹ نے امریکہ کے خلاف جیسے کو تیسا قدم اٹھاتے ہوئے دھمکی دی ہیکہ واشنگٹن اگر عراقی شہریوں کے داخلہ پر عائد امتناع سے دستبرداری اختیار نہیں کرے گا تو وہ بھی اپنے ملک میں امریکی شہریوں کے داخلہ پر امتناع کی قرارداد منظور کریں گے۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے عاملانہ حکمنامہ کے جواب میں یہ دھمکی دی گئی ہے۔ ٹرمپ نے بشمول ایران و عراق سات مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلہ پر 90 روزہ امتناع عائد کیا ہے۔ ان کے فیصلہ کی امریکہ اور یوروپ کے علاوہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی سخت مذمت کی جارہی ہے۔ پارلیمنٹ نے عراقی حکومت پر زور دیا کہ امریکہ کی جانب سے ٹرمپ کے حکمنامہ پر نظرثانی کئے جانے کی صورت میں ’’جیسا کو تیسا‘‘ موقف اختیار کرے۔ رکن پارلیمنٹ حکیم الزاملی نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اس ضمن میں اکثریتی فیصلہ کیا ہے ۔