امریکہ والی بال کا نیا عالمی چمپئن، اولمپکس کیلئے کوالیفائی

30 سال میں امریکہ کا پہلا عالمی خطاب ۔ ٹورنمنٹ میں دوسرے پوزیشن کیساتھ اٹلی کو بھی اولمپک مقام
ٹوکیو ، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ارجنٹائن کو شکست دیتے ہوئے تیس سال میں پہلی مرتبہ والی بال ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا۔ 1985 کے بعد پہلی مرتبہ یہ ٹائٹل جیت کر امریکہ نے ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس میں اپنی جگہ محفوظ بنا لی۔ امریکی کوچ جان اسپیرا نے کہا ’’اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنا کسی بھی کوچ کیلئے دباؤ بھرا چیلنج ہوتا ہے۔ میرے خیال میں ہماری سرویس پورے ٹورنمنٹ میں بہت عمدہ رہی اور ایونٹ میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہماری بلاکنگ بھی بہتر ہوتی گئی‘‘۔ اٹلی نے ورلڈ چمپئن پولینڈ کو شکست دے کر ٹورنمنٹ میں دوسرا مقام اور اولمپک پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ امریکہ، اٹلی اور تیسرے نمبر کے پولینڈ نے ورلڈ کپ میں دس، دس میچ جیتے اور صرف ایک مقابلے میں ناکامی اُٹھائی۔ ڈیفنڈنگ چمپئن روس نے جاپان کو ہرا کر چوتھی پوزیشن حاصل کی۔خیال رہے کہ والی بال ورلڈ کپ میں درجہ بندی سٹوں میں شکست کی بنیاد پر ہوتی ہے۔