امریکہ میں ویسٹ انڈیز ۔بنگلہ دیش سیریز

جمائیکا۔13مئی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کو چھوڑ کر آگے بڑھ جانے والے ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے امریکہ میں مجوزہ سہ رخی سیریز کے بجائے اب صرف بنگلہ دیش کیخلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت 4 اور 5اگست کو لاڈرہل کے سینٹرل بروورڈ پارک پر دونوں ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی اور اس سیریز کا تیسرا میچ ممکنہ طور پر سینٹ کٹس میں کھیلا جائے گا۔ یہ نیوزی لینڈ اور ہندوستان کے بعد تیسرا موقع ہوگا کہ ویسٹ انڈین بورڈ امریکہ میں کسی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ ابتداء میں پاکستانی ٹیم بھی اس ایونٹ میں شامل تھی جسے اپریل میں کراچی میں ہونے والے تین ٹوئنٹی میچوں کے جواب میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے ساتھ امریکی ریاست فلوریڈا میں بنگلہ دیش سمیت سہ رخی سیریز میں شرکت کرنا تھا۔پاکستانی ٹیم کی مصروفیت کیساتھ ہی لاڈرہل میں میچز مالی طور پر منفعت بخش نہ ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کیخلاف کھیلنا مناسب سمجھا کیونکہ لاڈرہل میں میچز ویک ڈے کیساتھ ہی دن کے اوقات میں کھیلے جائیں گے کیونکہ اس میدان میں مصنوعی روشنی کا انتظام انٹرنیشنل معیار کے مطابق نہیں ہے۔