واشنگٹن ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں کرکٹ کو مقبول بنانے کی کوشش میں کئی کرکٹ اسٹارز بشمول ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر اور اسپن لیجنڈ شین وارن آئندہ ماہ امریکہ میں T20 میچز کھیلیں گے۔ گزشتہ روز کی ’وال اسٹریٹ جرنل‘ رپورٹ کے مطابق دنیا کے زائد از دو درجن نہایت مشہور کرکٹ کھلاڑی تین بگ لیگ والے بیس بال اسٹیڈیمس میں میچز کھیلیں گے۔ یہ میچز 7 نومبر کو سٹی فیلڈ میں، 11 نومبر کو ہوسٹن کے منٹ میڈ پارک میں اور 14 نومبر کو لاس اینجلس ڈاجر اسٹیڈیم میں مقرر کئے گئے ہیں۔ تنڈولکر نے ان مقابلوں کے تعلق سے کافی جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔ دیگر مشہور کھلاڑیوں میں پاکستان کے وسیم اکرم، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا، جنوبی افریقہ کے ژاک کالیس، انگلینڈ کے مائیکل وان اور سری لنکا کے ماہیلا جئے وردھنے شامل ہیں۔ اسپورٹس ٹیلی ویژن کے ایگزیکٹیو اور اس ایونٹ کے سرمایہ کار برائن بیڈل نے اس ’’کرکٹ آل اسٹار سیریز‘‘ کا تقابل 1970ء کے دہے میں فٹبال لیجنڈ برازیل کے پلے کی امریکہ آمد سے کیا ہے۔