امریکہ میں بھی ٹی 20 کرکٹ 7 تا 14 نومبر تین نمائشی میچس ‘ کئی معروف سبکدوش کھلاڑیوں کی شرکت

نیویارک ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں آل اسٹارس ٹی 20 کرکٹ میچس کا 7 نومبر سے آغاز ہونے والا ہے ۔ یہاں تین میچس 7 نومبر ‘11  نومبر اور 14 نومبر کو مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ نیویارک میں دوسرا ہوسٹن میں اور تیسرا لاس اینجلس میں کھیلا جائیگا ۔ مقامی سطح پرموسم انتہائی سرد ہوگیا ہے ۔ درجہ حرارت واحد ہندسہ تک پہونچ چکا ہے ۔ ان میچس میں اپنے وقتوں کے بیشتر بڑے کھلاڑی حصہ لینے والے ہیں جو عرصہ قبل ریٹائر ہوچکے ہیں۔ ان میں بعض کھلاڑیوں کی عمر 52 سال تک پہونچ گئی ہے ۔ ہندوستان کے سچن تنڈولکر اور آسٹریلیا کے شین وارن ایک ایک ٹیم کی قیادت کرینگے ۔ یہ تینوں میچس نمائشی ہیں۔ پاکستان کے وسیم اکرم ‘ جنوبی افریقہ کے شون پولک ‘ ویسٹ انڈیز کے برین لارا ‘ سری لنکا کے مہیلا جئے وردھنے جیسے کھلاڑی اس میں حصہ لینے والے ہیں۔ ہندوستان کے وریندر سہیواگ بھی اب کسی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں جو گذشتہ مہینے ہی بین الاقوامی کرکٹسے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ یہ میچس امریکہ کے معروف شہروں میں بیس بال اسٹیڈیمس میں کھیلے جانے والے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ ٹھٹھرا دینے والی سردی کے باوجود کئی شائقین ان نمائشی میچس سے لطف اندوز ہونے کے موقع سے استفادہ کرینگے ۔ جس ایجنسی کی جانب سے ان میچس کا اہتمام کیا جا رہا ہے اس کا کہنا ہے کہ یہاں کے عوام کرکٹ مقابلوں کے منتظر تھے اور انہیں اب یہ موقع فراہم ہو رہا ہے ۔ ان علاقوں میں ایشیائی امریکی عوام کی بھی اکثریت ہے اور انہیں اس طرح کے میچس سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے ۔ میچس میں شائقین کی کثیر تعداد کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے ۔