نئی مارکیٹ پر آئی سی سی کی نظریں ۔ ٹیم انڈیا کوچ کمبلے اسٹیڈیم و دیگر سہولیات سے متاثر۔ دھونی کی ایکشن میں واپسی
فورٹ لاڈرڈیل (امریکہ) ، 26 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کو بڑی امریکی مارکیٹ تک رسائی کا موقع مل رہا ہے جہاں سے اس کھیل نے ابھی تک کچھ خاص استفادہ نہیں کیا اور اب مقبول عام کھیل کی سب سے بڑی منڈی انڈیا کے ساتھ ویسٹ انڈیز ایکشن میں ہوں گے جو کل یہاں امریکہ میں اُن کا اولین انٹرنیشنل میچ ہونے جارہا ہے۔ اواخر ہفتے میں دو ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنلز ہندوستان کیلئے ایسا پہلا موقع ہوں گے جب وہ امریکہ میں کسی مسابقتی مقابلے میں شامل ہوگا۔ کریبی سرزمین پر اپنی دوسری متواتر فتح میں چار میچ کی ٹسٹ سیریز میں انڈیا کی آسان کامیابی کے چند دنوں بعد ٹیم کے تجربہ کار مہیندر سنگھ دھونی دو لمیٹیڈ اوورز میچز میں قیادت کیلئے واپس ہوں گے جو سنٹرل بروارڈ ریجنل پارک میں کھیلے جائیں گے۔ یہ امریکہ میں واحد کرکٹ کے مقصد سے تعمیر کردہ اسٹیڈیم ہے۔ یہ امریکہ میں آئی سی سی کا مصدقہ واحد او ڈی آئی اسٹیڈیم بھی ہے جس نے گزشتہ ماہ کریبین پریمیر لیگ کے چھ میچز کی میزبانی کی۔ 14 رکنی انڈین ٹیم میں دو ، چار نہیں پورے 11 ریگولر کھلاڑیوں کی ایکشن میں واپسی ہوگی جنھیں اس سال کے اوائل مئی میں زمبابوے کے ٹور سے آرام دیا گیا تھا۔ دھونی جو کھیل کے طویل ترین فارمٹ سے ڈسمبر 2014ء میں سبکدوش ہوگئے
، وہ 2016ء میں مزید سات میچز کھیلنے والے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف امریکہ میں مقررہ یہ دو T20 انٹرنیشنلز اور نیوزی لینڈ کے خلاف انڈیا میں 5 او ڈی آئیز۔ دھونی کی آخری مصروفیت زمبابوے کے خلاف تھی جہاں انھوں نے نوجوان انڈین ٹیم کی قیادت کی جس میں اسٹارز نہیں تھے، لیکن مئی ؍ جون میں ہرارے میں کھیلی گئی ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز جیتے۔ اب دو میچ کی سیریز اس سلسلے کا آغاز ہے جو آگے چل کر امریکہ میں سالانہ ایونٹ ہوجائے گا تاکہ نئی منڈیوں اور نئے شائقین کو اس کھیل سے روشناس کرایا جاسکے۔ اگرچہ انڈیا نے ٹسٹ سیریز 2-0 سے جیت لی، لیکن ٹسٹ اسکواڈ کے زیادہ تر کھلاڑی حالیہ دنوں میں میچ پریکٹس کے بغیر یہاں کھیلنے آئے ہیں کیونکہ پورٹ آف اسپین میں بارش نے چوتھے ٹسٹ کو بری طرح متاثر کیا جہاں آخری چار دنوں میں کوئی کھیل نہیں ہوپایا۔ تاہم انڈین کوچ انیل کمبلے ہنوز اچھے پرفارمنس کے تعلق سے پُرامید ہیں جو دھونی کے ساتھ اُن کا پہلا تجربہ رہے گا۔ کمبلے کو دھونی کے ساتھ ساتھ بعض نوجوان کھلاڑیوں جیسے جسپریت بھومبرا کے ساتھ تجربے کا انتظار ہے۔ کمبلے کو یہاں کرکٹ اسٹیڈیم اور دیگر سہولیات کو دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا: ’’میں نے واقعی اتنی سہولتوں کی توقع نہیں کی تھی جو امریکہ میں دیکھنے میں آئی ہیں۔ میں نے یہی سوچا تھا کہ کرکٹ کیلئے کچھ عارضی انتظام کیا جائے گا۔ میں نے فلوریڈا اور اس گراؤنڈ کے تعلق سے سن رکھا تھا ، لیکن جو سہولیات ہم نے آج دیکھے ہیں وہ کافی متاثر کن ہیں۔ میں یہ گراؤنڈ پہلی مرتبہ دیکھ رہا ہوں اور وکٹیں اچھی اور T20 کیلئے موزوں معلوم ہوتی ہیں۔