متوفی تینوں بھائی بہن اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ گئے تھے، والدین پر سکتہ،ضلع میں رنج و غم کی لہر
نلگنڈہ۔/26 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امریکہ میں پیش آئے آتشزدگی کے واقعہ میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ جن میں ریاست تلنگانہ ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے تین طلباء بھی شامل ہیں۔ یہ حادثہ کولیر میلی کی اس عمارت میں پیش آیا جہاں یہ طلباء رہتے تھے۔ مرنے والوں کی شناخت 16 سالہ سواتی نائیک، 13 سالہ جوہا نائیک اور 14 سالہ سہاسنی نائیک کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ ان تمام کا تعلق ضلع کے دیور کنڈہ منڈل کے گورا پو پانڈو سے تھا۔ تینوں طلبہ آپس میں حقیقی بھائی بہن بتائے گئے ہیں یہ تمام اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے امریکہ میں مقیم تھے۔ حادثہ کے اسباب کا پتہ نہیں چل سکا۔ ایک ہی خاندان کے تین طلبہ کی موت کی اطلاع کے ساتھ ہی ان کے ماں باپ پر سکتہ طاری ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ضلع نلگنڈہ کے اسمبلی حلقہ دیور کنڈہ میں واقع موضع نیرڈ گوما کے مضافات میں واقع گرویو تانڈہ کا ساکن سرینواس نائیک اپنے بچوں کو عصری و اعلیٰ تعلیم کی غرض سے اپنے دوست کے پاس جوکہ کیتھالک کرسچن مشنری رہائشی اسکول چلا رہا تھا اور وہ وہاں چرچ کے پاسٹر کی حیثیت سے بھی خدمت کررہا تھا امریکہ سے تعلق رکھنے والے ایک پاسٹر کے تعاون سے ان تین بچوں کو تعلیم کی غرض سے 20 ماہ قبل روانہ کیا تھا۔ جاریہ ماہ کی 24 تاریخ کو کرسمس تہوار میں ان بچوں کے ہمراہ شرکت کی ۔ تقریب رات دیر گئے تک جاری رہنے کی وجہ سے وہاں پر ہی ایک ولا میں شب بسری کررہے تھے جہاں 4 طلبہ جو محو خواب تھے اچانک برقی شاک سرکٹ کی زد میں آکر 16 سالہ سواتی نائیک، 14سالہ سوہا نائیک اور 13 سالہ جوہا نائیک زندہ جل کر فوت ہوگئے۔ اس حادثہ کی اطلاع رات دیر گئے امریکی عہدیداروں نے والدین کو دی جس پر والد سرینواس نائیک، ماں سجاتا نائیک بچوں کے زندہ جل کر فوت ہونے کی اطلاع پر فوری امریکہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ اس حادثہ کی اطلاع عام ہوتے ہی ضلع نلگنڈہ میں خصوصاً مقامی تانڈہ میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔