سیلواڈور۔2 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ راؤنڈ میں امریکہ کو سخت مقابلے کے بعد 1-2 گول سے شکست دینے کے بعد بیلجیم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی آٹھویں اور آخری ٹیم بن گئی ہے۔سیلواڈور میں کھیلے گئے میچ میں بیلجیم کی ٹیم حاوی رہی اور اس نے دونوں ہاف میں امریکی گول پر کم از کم دس حملے کئے تاہم تجربہ کار امریکی کیپر ٹم ہاورڈ ہمیشہ ان کی راہ میں حائل رہے۔مقابلہ مقررہ وقت میں بغیر کسی گول کے برابر رہا اور میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا۔اضافی وقت کے پہلے ہاف کے تیسرے منٹ میں بیلجیم کے کیون ڈی برائن آخرِ کار امریکی گول کیپر کو چکمہ دے کر گول کرنے میں کامیاب رہے۔برتری حاصل کرنے کے بعد بیلجیم کے فارورڈز کے حملوں میں مزید تیزی آئی اور 105ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی یاکوکو نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔اضافی وقت کے پہلے ہاف کے خاتمے پر لگ رہا تھا کہ امریکہ کے لئے میچ میں واپس آنا انتہائی مشکل ثابت ہوگا لیکن دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی امریکہ کے جولین گرین نے گول کر کے میچ میں پھر جان ڈال دی۔امریکی ٹیم نے میچ برابر کرنے کی کئی اچھی کوششیں کی لیکن کامیاب نہ ہو سکی۔بیلجیم کی دوگول کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی اور وہ ٹورنمنٹ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔تجربہ کار امریکی کیپر ٹم ہاورڈ نے اس میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ بیلجیم نے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔آخری مرتبہ بیلجیم کی ٹیم 1986 میں اس مرحلے تک پہنچی تھی
اور اْس ورلڈ کپ میں اس کا سفر سیمی فائنل میں ختم ہوا تھا۔2014 کے ورلڈ کپ میں بیلجیم کی ٹیم کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ کرے گی جس نے دوسرے راؤنڈ میں سوئٹزرلینڈ کو شکست دی ہے۔بیلجیم کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی اس ورلڈ کپ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اب اس ورلڈ کپ میں باقی رہ جانے والی ٹیموں میں یورپ سے ہالینڈ، بیلجیم، جرمنی اور فرانس اور جنوبی امریکہ سے کوسٹاریکا، ارجنٹینا، برازیل اور کولمبیا شامل ہیں۔ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل چار اور پانچ جولائی کو کھیلے جائیں گے اور جمعہ کو پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس اور جرمنی کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی جبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میں میزبان برازیل کی ٹیم کولمبیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔
ہفتہ کو سیمی فائنل میں پہنچنے والے باقی دو ٹیموں کا فیصلہ ارجنٹینا اور بیلجیم اور ہالینڈ اور کوسٹاریکا کے مابین میچوں میں ہوگا۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بیلجیم کے کوچ مارک ولمورٹس نے کہاکہ اِس مقابلے میں مستقبل کی سمت دیکھنے والی بیلجیم کی ٹیم دکھائی دی جس نے مقابلہ کے آغاز کے دوسرے ہی منٹ میں حریف ٹیم پر حملہ کردیا اور یہ حملے مقابلہ کے مابقی 118 منٹ جاری رہی۔ کامیابی پر میں اپنے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں جوکہ اِس کے مستحق بھی ہیں۔ دوسری جانب بیلجیم کے کئی یقینی گولز کو ناکام بنانے والے امریکی گول کیپر ٹم ہاورڈ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے مقابلہ میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی لیکن حریف ٹیم نے اپنے جوکھم اُٹھاتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ مین آف دی میچ سے کہیں زیادہ خوشی کامیابی پر ہوتی۔