پورتو الگیرہ۔ 23؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ورلڈ کپ 2014ء کے گروپ جی میں امریکہ کے خلاف پرتگال نے آخری لمحات میں انتہائی ڈرامائی انداز میں گول کرکے میچ کو برابری پر ختم کردیا اور اس طرح پرتگال کی اگلے مرحلے میں رسائی کی اُمیدیں برقرار ہیں۔ پرتگال کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گھٹنے میں تکلیف کے باوجود پورا میچ کھیلا۔ امریکہ نے میچ کے پہلے پانچ منٹوں میں پہلا گول بناکر پرتگال پر برتری حاصل کرلی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ کرسٹیانو رونالڈو اس میچ میں وہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جس کے لئے وہ مشہور ہیں، لیکن اس کے باوجود اپنی ٹیم کو عمدہ قیادت فراہم کرتے ہوئے میچ کو جیتنے کی کوشش کرتے رہے۔ پرتگالی کھلاڑی نانی نے گول کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جو میچ کے 64 ویں منٹ تک برقرار رہی۔ پرتگالی کھلاڑیوں نے اس دوران امریکی گول پر مسلسل حملے کئے، لیکن امریکی گول کیپر ٹیم ہاورڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی یقینی گول بچائے جنھیں اس کارکردگی پر مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ میچ کے 64 ویں منٹ میں امریکی کھلاڑی جیروم جونز نے ایک شاندار کک پر گول کر کے میچ کو برابری پر لا کھڑا کیا۔ امریکہ کے اسٹرائیکر کلنٹ ڈیمپسی نے میچ کے 84 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے امریکہ کو برتری دلوا دی۔ ایک موقعے پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ موجودہ دور کے بہترین فٹبالروں میں شامل کرسٹیانو رونالڈ کا ورلڈ کپ اختتام کے قریب پہنچ گیا ہے۔ میچ کے اضافی منٹوں میں پرتگال نے امریکی گول کو حصار میں لے لیا اور ایک کے بعد دوسرا حملہ کرتے رہے۔ جب اضافی کھیل کے بیس سیکنڈ کا کھیل رہ گیا تو رونالڈو نے متبادل کھلاڑی کو گول کے سامنے ایک پاس پہنچایا جس پر وریلا نے گول کر کے میچ کو برابری پر ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ پرتگال جرمنی کے خلاف اپنا پہلا میچ 4-0 سے ہارا تھا۔ دوسرے میچ میں اس نے ایک پوائنٹ لیا اور اسے اگلا میچ گھانا کے ساتھ کھیلنا ہے۔