امریکہ : اسرائیلی ساختہ مصنوعات کیلئے نئے لیبل قواعد

واشنگٹن۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایک ہدایت نامہ دوبارہ جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی سے درآمدہ مصنوعات پر اسرائیلی ساختہ کا لیبل نہ لگایا جائے۔امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کو اس ہدایت نامے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ یہ امریکی کسٹمز نے گذشتہ ہفتے جاری کیا تھا لیکن اس کے ساتھ ہی میڈیا میں ایسی رپورٹس منظرعام پر آئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کی فلسطینی علاقوں میں یہودآبادکاری کی پالیسی کے بارے میں اب سخت موقف اختیار کر لیا ہے۔محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا ہے کہ اس پالیسی کے دوبارہ اجراء کا فیصلہ ان شکایات کے بعد کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں تیار ہونے والی بعض مصنوعات پر امریکہ درآمد کرنے سے قبل غلط طور پر اسرائیلی ساختہ کا لیبل لگادیا جاتا ہے۔انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ کسی بھی طرح پہلے سے جاری کردہ قواعد ضوابط کی جگہ جاری نہیں کیے گئے ہیں اور نہ مغربی کنارے ،غزہ کی پٹی اور اسرائیل سے درآمدہ تجارتی اشیاء پر کوئی اضافی قدغنیں لگائی جارہی ہیں‘‘۔امریکی کسٹمز کی ویب سائٹ پر موجود بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ1995ء اور 1997ء کے قوانین کے مطابق غزہ اور مغربی کنارے سے آنے والی اشیاء کو ان ہی کے مصنوعہ لیبل لگائے جانے چاہئیں مگر یہ بالکل ناقابل قبول ہے کہ ان علاقوں کی اشیاء پر اسرائیل ،میڈ ان اسرائیل ،اسرائیل کے مقبوضہ علاقے یا اسی طرح کے کوئی اور الفاظ لکھے جائیں‘‘۔