لکھنؤ ۔ 19 اگست (سیاست ڈاٹ کام) رواں ماہ کے اوائل سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو کے ساتھ شہ نشین پر نظر آنے کے بعد پارٹی کے سابق لیڈر امر سنگھ نے آج ان سے بند دروازہ کی ایک ملاقات ان کی رہاش گاہ پر کی ہے۔ پارٹی ذرائع کے بموجب امر سنگھ نے سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو سے ان کی رہائش گاہ وکرما دتیہ مارگ میں آج صبح ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد اپنی رہائش گاہ گومتی نگر میں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے امر سنگھ نے کاہ کہ انہوں نے ملائم سنگھ سے ملاقات کی ہے تاہم یہ کوئی بڑا موضوع نہیں۔ ملائم سنگھ کے ساتھ ان کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ طویل رہی جس پر اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنگامہ برپا کیوں ہورہا ہے؟،
چوری تو نہیں کی صرف ملاقات کی ہے اور یہ صرف ایک ملاقات تھی۔ سابق ایس پی لیڈر نے مزید کہا کہ جغرافیہ تبدیل ہوسکتا ہے لیکن تاریخ تبدیل نہیں ہوگی۔ امر سنگھ نے واضح کیا کہ ملائم سنگھ کے ساتھ ان کے خاندانی تعلقات ہیں جبکہ شیوپال اوراکھیلیش کے ساتھ بھی ان کے تعلقات ہیں اور یہ تعلقات سیاسی نہیں بلکہ خانگی ہیں۔ فبروری 2010ء میں سماج وادی پارٹی سے علحدگی کے بعد امر سنگھ اور ملائم سنگھ کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔ اس ملاقات سے قبل 5 اگست کو گومتی نگر کے قریب جنیشور مشرا پارک میں افتتاحی تقریب کے دوران امر سنگھ ملائم سنگھ کے ساتھ شہ نشین پر موجود تھے۔ ملائم سنگھ کی جانب سے رکن راجیہ سبھا کو اس تقریب میں شرکت کیلئے مدعوکیا گیا تھا جس پر امر سنگھ نے کہا کہ اس ملاقات کو سیاسی رنگ دینا غلط ہے۔ امر سنگھ نے مزید کہا کہ وہ اور ملائم سنگھ یادو سینئر سیاسی لیڈروں کیلئے جو اس وقت ان کے ساتھ نہیں رہے، ان کیلئے سماجی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
علاوہ ازیں سماج وادی پارٹی کے نیشنل جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے 17 اگست کو ان پیش قیاسیوں کو مسترد کردیا کہ امر سنگھ کو پارٹی میں واپس لیا جارہا ہے۔ منی پوری دورہ کے موقع پر یادو نے کہا تھا کہ امر سنگھ کو پارٹی میں واپس لینے کا کوئی امکان نہیں ہے حالانکہ اس طرح کی پیش قیاسیاں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے ایس پی کے سابق نیشنل جنرل سکریٹری امر سنگھ نے راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کی ٹکٹ پر اترپردیش میں فتح پور سیکری کی نشست سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن انہیں شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ راجیہ سبھا میں بھی ان کی میعاد رواں برس ختم ہوجائے گی۔ شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے بعد امر سنگھ کی ایس پی سربراہ ملائم سنگھ کے ساتھ ملاقات اور شہ نشین پر ساتھ بیٹھنے کے بعد سیاسی حلقوں میں کئی ایک پیش قیاسیاں کی جارہی ہیںلیکن امر سنگھ اور پارٹی کی جانب سے سیاسی سطح پر کسی بھی قسم کی مفاہمت کو واضح نہیں کیا جارہا ہے۔