امت کے صاحب استطاعت افراد کیرالا متاثرین کی مدد کریں

قربانی کی رقم قربانی کیلئے مختص رکھیں اور دیگر رقم سے امداد کی جائے ۔ علما و مشائخین کا بیان

حیدرآباد۔21اگسٹ(سیاست نیوز) کیرالا سیلاب متاثرین کیلئے امت مسلمہ کے متمول افراد فراخدلانہ تعاون کرکے ان کی بازآبادکاری میں ہم اپنا حصہ ادا کریں اور عیدالاضحی کے موقع پر خطیب و امام حضرات عامۃ المسلمین کی توجہ اس جانب مبذول کروائیں اور مسلمانوں کو کیرالا کی بازآبادکاری اور راحت میں اپنا تعاون ادا کرنے راغب کریں ۔مولانا سید محمدشاہ قبول پاشاہ قادری شطاری زریں کلاں‘ مولانا سید علی اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ ‘ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ‘نبیرۂ شیخ الاسلام مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری ‘ مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ‘ مولانا سید محمد محمودپاشاہ قادری زریں کلاںکے علاوہ دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ مولانا سید محمد شاہ قبول پاشاہ قادری نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ صدر مجلس علمائے دکن کی جانب سے تمام خطیب و آئمہ سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ کیرالا کے متاثرین کی مدد کی جانب عوام کو متوجہ کروائیں۔ صدرمجلس علماء دکن نے حکومت تلنگانہ کے علاوہ کیرالا میں راحت کاری کے کام انجام دینے اور بروقت امداد پہنچانے کا اعلان کرنے والی تنظیموں کی ستائش کی اور کہا کہ مرکزی حکومت کو بھی کیرالا کی موجودہ صورتحال اور وہاں سیلاب کی تباہی کا جائزہ لے کر بھر پور مدد کرنی چاہئے اور جو امدادمرکزی حکومت کی جانب سے کیرالا کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے وہ ناکافی ہے۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ عامۃ المسلمین کو فریضہ قربانی ادا کرنے کے علاوہ کیرالا کے متاثرین کی مدد کرنی چاہئے ۔ انہو ںنے بتایا کہ قربانی کی رقم قربانی پر خرچ کی جانی چاہئے اور قربانی کے علاوہ دیگر مدات کی رقم سے کیرالا کے سیلاب زدگان کی مدد کی جانی چاہئے ۔ مولانا مفتی خلیل احمد نے کہا کہ کیرالا میں دوبڑے ادارے راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں جن میں جامعہ نوریہ عربی کالج فیض آباد اور ثقافت السنیہ موجود ہیں جنہیں امداد روانہ کی جاسکتی ہے ۔ جامعہ نوریہ عربی کالج کو امداد روانہ کرنے مولانا علی کٹی حاجی شیخ سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے جبکہ ثقافت السنیہ کے صدر شیخ ابوبکر سے بھی راحت کاری کاموں میں امداد کیلئے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔صدر مجلس علماء دکن نے سیلاب متاثرین سے اظہار یگانگت کیا اور شدید رنج و غم کا اظہا رکیا اور کہا کہ اس مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کی امداد انسانی ہمدردی کا بہترین ثبوت ہے اسی لئے امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ کیرالا کی بازآبادکاری کیلئے ہر طرح سے ان کی مدد کریں۔