امتحانی پرچہ کے افشاء پر زبردست احتجاج

آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

حیدرآباد۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس کے ارکان نے ریاست میں منعقدہ امتحانات ایس ایس سی کے امتحانی پرچہ کے افشاء واقعہ کے خلاف زبردست احتجاج ہنگامہ آرائی کی۔ یہاں تک کہ مختلف تحدیدات کی بھی پرواہ کئے بغیر احتجاجی ارکان وائی ایس آر کانگریس نے اسپیکر آندھرا پردیش اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کے پوڈیم پر پہنچ کر انہیں گھیر لیا اور پوڈیم پر احتجاج کیا۔ جیسے ہی آج ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا، اہم اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے گڑبڑ کے ذریعہ احتجاج میں شدت پیدا کی اور احتجاجی ارکان اسمبلی وائی ایس آر کانگریس نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے زبردست نعرہ بازی کی۔ وائی ایس آر کانگریس ارکان اسمبلی کے طرز عمل کی تلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی ارکان اسمبلی نے سخت مذمت کی بلکہ اعتراض بھی کیا۔ ایوان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسپیکر اسمبلی ڈاکٹر کے شیوا پرساد راؤ نے ایوان کی کارروائی کو کچھ دیر کیلئے ملتوی کردیا۔ اسی دوران چیف منسٹر آندھرا پردیش نے ایوان کی کارروائی کا آغاز ہونے کے بعد اپنا بیان دیتے ہوئے ایس ایس سی امتحان کے کسی بھی پرچہ کے افشاء کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور کہا کہ ایک تلگو اخبار نے عمداً امتحانی پرچہ کا افشاء کی غلط خبر شائع کرکے طلبہ میں تشویش پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مکمل تحقیقات جاری ہیں اور بعد تحقیقات سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔