بھینسہ /16 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ شہر میں بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن کے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات پرامن طور پر جاری ہے ۔ شہر کے گورنمنٹ جونئیر کالج امتحانی مرکز میں اردو میڈیم کی ایک طالبہ کی امتحانات کے دوران اچانک طبعیت خراب ہوگئی ۔ جس پر امتحانی مرکز چیف سپرنٹنڈ۔ٹ گنگا موہن و ( نگرانکار ) نے فوراً متحرک ہوکر محکمہ صحت عامہ کے عہدیداران کو اطلاع دی ۔ ساتھ ہی محکمہ صحت کے عہدیداران ڈاکٹر سریکانت اور ڈاکٹر سپنا نے گورنمنٹ جونئیر کالج پہونچکر طالبہ کی جانچ کرتے ہوئے طبی امداد کے تحت گلوکوز و پانی فراہم کیا اور ( نگرانکار ) امتحان مرکز غلام دستگیر خان کی خدمات حاصل کرتے ہوئے طالبہ کیلئے طبی امداد کیلئے ادویات اور گلوکز پاوڈر و دیگر کا بندوبست کیا اور محکمہ صحت کے عہدیداران کی نگرانی میں امتحانی مرکز میں طالبہ نے اپنا امتحان تحریر کیا ۔ بعد ازاں محکمہ صحت کے عہدیدان نے طالبہ کو بھینسہ گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ آج دوسرے پرچہ میں بھینسہ منڈل کے جملہ چھ امتحانی مراکز میں چھ طلباء و طالبات غیر حاضر تھے ۔