گورنمنٹ ہائی اسکول بھینسہ میں لاپرواہی، پولیس مصروف تحقیقات
بھینسہ ۔/3 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے صدر مدرس چیمبر کے دروازہ کو نامعلوم افراد کی جانب سے توڑتے ہوئے امتحانی پرچوں کے بنڈلوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی جس کی وجہ سے ایس اے امتحان کا آدھا گھنٹہ تاخـیر سے آغاز کیا گیا اور اساتذہ اور طلباء میں کافی بے چینی دیکھی گئی ۔ لیکن اس واقعہ کی اطلاع کے باوجود بھی صدر مدرس ناگیشورراؤ اسکول اوقات سے تقریباً دیڑھ گھنٹہ تاخیر سے مدرسہ پہنچے۔ تفصیلات کے بموجب سرکاری و خانگی مدارس میں طلباء کے ایس اے امتحانات کا آغاز ہوچکا ہے۔ جس کے پیش نظر بھینسہ شہر کے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں بھینسہ منڈل کے مختلف سرکاری مدارس کے پرچہ سوالات کے بنڈلس محکمہ تعلیم کی جانب سے جمع کرتے ہوئے امتحان سے قبل مختلف مدارس کو تقسیم کئے جاتے ہیں۔ آج پرچہ دوم کے پیش نظر ہائی اسکول کے اساتذہ صبح اسکول پہنچنے پر ہیڈ ماسٹر کے چیمبر کو ٹوٹا پایا اور اندر موجود پرچہ سوالات کے بنڈلوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے کھولا گیا۔ جس کی وجہ سے اساتذہ میں کافی بے چینی پیدا ہوگئی جس کی اطلاع ہیڈ ماسٹر جی ناگیشور راؤ کو دی گئی جو اسکول کے اوقات پر غیر حاضر تھے۔ بعد ازاں اسکول اساتذہ نے بھینسہ پولیس اسٹیشن میں اس ضمن میں شکایت دی جس پر سب انسپکٹر وشنو پرکاش نے پولیس جمعیت اے ایس آئی راملو اور جوانوں کے ہمراہ بھینسہ گورنمنٹ ہائی اسکول پہنچ کر تمام حالات کا جائزہ لیتے ہوئے پرچہ سوالات کے بنڈلوں کا معائنہ کیا اور پنچنامہ کیا۔ اس اثناء میں بھینسہ منڈل ایجوکیشن آفیسر سبھاش بھی ہائی اسکول پہنچ گئے اور اساتذہ سے معلومات حاصل کی۔ بتایا گیا ہے کہ پرچہ سوالات کے تین بنڈلوں جن میں اقلیتی اقامتی انگلش بوائز اسکول بھینسہ ، زیڈ پی ایس ایس ، ہاگاؤں اسکول اور گورنمنٹ ہائی اسکول بھینسہ کے تلگو میڈیم جماعت ہفتم کے سماجی علم کے پیپر بنڈل شامل ہیں۔ اس واقعہ کی وجہ سے امتحان کاصبح 9:30 بجے کے اوقات کے بجائے آدھا گھنٹہ تاخیر سے آغاز ہوا۔ بعد ازاں پولیس نے اس جانب تحقیقات اور کارروائی کا تیقن دیا اور اساتدہ کو کہا کہ اسکول میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کرنے اور سیکورٹی گارڈ مقرر کرنے کی ہدایت دی۔ بھینسہ گورنمنٹ ہائی اسکول میں یہ تمام واقعہ پیش آنے اور اس کی اطلاع فراہم ہونے کے باوجود بھی ہیڈ ماسٹر جی ناگیشور راؤ اسکول اوقات صبح 9:30 بجے سے تقریباً دیڑھ گھنٹہ تاخیر سے اسکول پہنچے جس سے ہیڈ ماسٹر کی تساہلی و لاپرواہی واضح دکھائی دے رہی ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر بے جا نہ ہوگا کہ بھینسہ گورنمنٹ ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور اسکول انتظامی کمیٹی کی لاپرواہی کی وجہ سے اسکول میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم تنصیب کے علاوہ سیکوریٹی گارڈ کے عدم انتظامات کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔