امباٹی رائیڈو اپنی سنچری پر مسرور

احمدآباد ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی دوسرے ونڈے میں سری لنکا کے خلاف 6 وکٹوں کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے بیٹسمین امباٹی رائیڈو نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اس رول پر مسرور ہیں۔ گذشتہ مقابلہ میں رائیڈو نے اپنے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی ہے جیسا کہ انہیں عام طور پر پانچویں یا چھٹے مقام پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا جاتا تھا لیکن گذشتہ روز انہیں نمبر 3 پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا جس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنے کریئر کے 21 ویں ونڈے میں 121 رنز کی غیرمکتوب اننگز کھیلی ہے۔ ایک شاندار اننگز پر اظہارخیال کرتے ہوئے رائیڈو نے کہا کہ جب کبھی میں ہندوستان کی نمائندگی کرتا ہوں تو جو بھی کردار مجھے دیا جاتا ہے میں اسے بخوبی نبھانے کیلئے کوشاں رہتا ہوں۔