جامعتہ المؤمنات میں اجتماع، مفتیہ رضوانہ زرین و دیگر عالمات کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 مارچ (راست) امانت و دیانتداری کی بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے۔ امانت امن سے بنا ہے اور کوئی شخص اپنا حق چھوڑ کر امن میں نہیں رہ سکتا اس لئے کسی چیز کو امن دینا اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہت احسن فعل ہے۔ امانتدار اللہ کا محبوب ترین بندہ ہے کسی کا راز تمہیں معلوم ہے تو اس راز کو پوشیدہ رکھنا امانتداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج جامعتہ المؤمنات مغلپورہ میں منعقدہ خواتین کے اجتماع سے ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل جامعتہ المؤمنات نے کیا۔ اجتماع کا آغاز قاریہ شفاء ناز کی قرأت اور حافظہ محمدی زرین رومانہ کی نعت شریف سے ہوا۔ مفتیہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ امانت کی ضد خیانت ہے۔ حضرت علیؓ نے فرمایا کہ دنیا میں امانت اور سچائی بہت کم ہے اس کے برعکس جھوٹ اور خیانت بہت زیادہ ہے۔ اس لئے ایماندار بن جاؤ تاکہ جھوٹ سے بچ جاؤ۔ محترمہ نے خواتین پر زور دیا کہ فرائض و واجبات، اعمال صالحات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ دخول جنت اور رضا خداوندی چاہتے ہیں تو امانتدار بننے کی کوشش ضرور کرتے رہیں۔ حافظہ فریعہ نورین نے کہا کہ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا جو مسلمان صبح کے وقت کسی دوسرے مسلمان کی عیادت کرتا ہے ستر ہزار فرشتے اس کیلئے دعا کرتے ہیں اور اس کیلئے جنت میں ایک باغ مقرر کیا جاتا ہے۔ حافظہ رمیصاء افشین نے کہا کہ حضرت ابن عباسؓ نے فرمایا کہ حضورؐ نے فرمایا کہ غم کا اظہار آنکھ سے آنسو نکالنے کے ذریعہ سے ہو تو وہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہے اور اس کی رحمت کا حصہ ہے اگر وہ ہاتھ یا زبان کے ذریعہ سے ہو تو وہ شیطان کی جانب سے ہے جو نوحہ ہے۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا کہ نوحہ کرنا حرام ہے۔ عالمہ سکینہ تمکین نے کہا کہ جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ اللہ کے رسولؐ نے فرمایا مؤمن میں تمام خصلتیں ہوسکتی ہیں مگر خیانت اور جھوٹ نہیں ہوسکتی۔ جھوٹ چہرہ کو سیاہ کردیتا ہے۔ عالمہ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ عورتوں کو چاہئے کہ وہ پردہ کے ساتھ اپنی زندگی گذاریں۔ بے پردہ بازاروں میں گھومنے والی عورتوں پر اللہ اور اس کے رسول لعنت کرتے ہیں۔ عورتوں کو چاہئے کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں اور غیرمحرم کے سامنے یا بے پردہ نہ نکلیں اس سے فتنہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ ان کے علاوہ طالبات جامعتہ المؤمنات نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔ دعا و سلام پر اجتماع اختتام کو پہنچا۔